کراچی: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سندھ نے اعلان کیا ہے کہ 14 مئی 2026 کو ضلع غربی کراچی میں ایک بڑا عوامی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس میں پارٹی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان مہمان خصوصی ہوں گے۔
ناظم آباد پاپوش میں اسکول وین میں شارٹ سرکٹ سے آگ، بچے محفوظ
یہ اعلان کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع کے امراء اور نظماء عمومی کے مشترکہ اجلاس کے بعد کیا گیا، جو جامعہ مصباح العلوم محمودیہ، منظور کالونی میں صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے شرکاء کو آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں کراچی ڈویژن کے مختلف اضلاع کے ذمہ داران، صوبائی مجلس عاملہ کے اراکین اور دیگر علماء و رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر تنظیمی امور، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 14 مئی کو شام 4 بجے ضلع غربی کراچی میں منعقد ہونے والا جلسہ عام بھرپور انداز میں منعقد کیا جائے گا، جس کے لیے کارکنان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں اور بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔
جے یو آئی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلسے میں عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا اور کراچی بھر سے کارکنان کی بڑی تعداد کو متحرک کیا جائے گا تاکہ اجتماع کو کامیاب بنایا جا سکے۔

