کراچی (اپریل 08) – گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز اور آل کراچی تاجر ایسوسی ایشن کے وفود کے علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد ہوئے، جس میں ملک بھر کی معاشی سرگرمیوں پر اثر انداز ہونے والی ہڑتال موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کراچی میں انسدادِ پولیو مہم 13 اپریل سے شروع
اجلاس میں گورنر سندھ نے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت اور متعلقہ ادارے ان کے مسائل حل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ خطے میں جنگ بندی کا اعلان پوری قوم کے لیے خوش آئند ہے اور اس میں فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا پر پاکستان کی قیادت اور فیلڈ مارشل کے مثبت کردار کا چرچا ہے، جبکہ بھارت اس سے ناخوش ہے۔
ٹرانسپورٹر رہنما ملک شہزاد نے بتایا کہ آج ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم ملکی و علاقائی صورتحال اور گورنر سندھ کی یقین دہانی کے پیش نظر ہڑتال موخر کردی گئی۔ ملک شہزاد نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کو خطے میں جنگ بندی کرانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
اسی طرح آل کراچی تاجر ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہا کہ گورنر سندھ وفاق کے نمائندے ہیں اور تاجروں کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تاجروں نے 48 گھنٹوں کے اندر ہڑتال کا اعلان کیا تھا، لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسے موخر کر دیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان کی قیادت میں 13 رکنی وفد بھی موجود تھا، جس میں کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے صدر، یونائیٹیڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے چیئرمین، ٹرانسپورٹرز آف گڈ ایسوسی ایشن کے صدر، لوکل گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر، ہاف باڈی ٹریلر اینڈ ڈمپر کمیٹی کے چیئرمین اور آل پاکستان ٹرک اینڈ ٹرالرز آنرز ایسوسی ایشن کے صدر سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے۔
آل کراچی تاجر ایسوسی ایشن کے وفد میں 48 ارکان شریک تھے۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، مارکیٹ کے اوقات کار اور دیگر کاروباری مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور گورنر سندھ نے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
