کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز، ضلعی ہیلتھ افسران اور سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کے ساتھ انسدادِ پولیو مہم کے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں مہم 13 اپریل سے شروع ہوگی اور 19 اپریل تک جاری رہے گی۔
کراچی: صنعتکاروں کی حفاظت کے لیے پولیس سے تعاون پر اتفاق
کمشنر کراچی کو پولیو کوآرڈینیٹر سعود یعقوب نے مہم کے اہداف اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پانچ سال تک کے 25 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ مہم میں 23,000 پولیو ورکرز اور تقریباً 7,000 سیکورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ تقریباً 500 لیڈی پولیس کانسٹیبل بھی تعینات کی جائیں گی تاکہ مہم مؤثر انداز میں مکمل ہو۔
کمشنر کراچی نے ہائی رسک یونین کونسلز میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے پر زور دیا اور 66 ہائی رسک یونین کونسلز میں خصوصی صفائی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں حالیہ ڈرینیج سیمپلنگ کے نتائج بھی پیش کیے گئے، جن میں دو نمونے مثبت پائے گئے: ایک ہجر کالونی اور دوسرا سہراب گوٹھ سے۔ دس دیگر نمونے نیگیٹو آئے۔
کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور سوشل موبلائزرز کو ہدایت دی کہ وہ رہ جانے والے اور انکار کرنے والے بچوں کی ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دیں، تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے سوشل موبلائزرز سے کہا کہ والدین کے تعاون کو یقینی بنائیں اور مہم کے اہداف کو مکمل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ ہائی رسک علاقوں میں صفائی کے اقدامات کو مؤثر بنائے تاکہ پولیو وائرس کے خاتمے میں مدد ملے۔ اجلاس کے دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے ای او سی کے تحت مہم کے مربوط انتظامات اور باہمی رابطے پر بریفنگ دی۔
