کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے پارٹی کی سیاسی قوت میں اضافہ کیا ہے۔
پاکستان عالمی سطح پر امن کا علمبردار
شمولیت کرنے والوں میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اور ایم کیو ایم کے سابق عہدیداران شامل ہیں۔ سبین ایاز جو سابقہ ممبر ڈیفنس ریزیڈینس کمیٹی ایم کیو ایم سے وابستہ تھیں، اور ثانیہ نے بھی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اسی طرح عدیل شوکت، جو فنکشنل لیگ سے تعلق رکھتے ہیں اور پی ایس 126 کے جنرل سیکریٹری رہے ہیں، بھی پارٹی کا حصہ بن گئے۔
مزید برآں الطاف قوی، سابقہ کونسلر ایم کیو ایم، خرم نور (رابطہ سیکریٹری پی ایس 126)، نعمان بندھانی (یو سی 7 نائب صدر) سمیت تقریباً چالیس افراد نے اجتماعی طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر سردار خان بھی موجود تھے۔
صدر ضلع وسطی نے نئے آنے والے کارکنان کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا بھرپور خیر مقدم کیا جاتا ہے۔ جنرل سیکریٹری شہزاد مجید نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور عوامی خدمت اور فلاح پر مبنی ہے اور پارٹی ہمیشہ اپنے کارکنان اور عوام کے لیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے۔
جنرل سیکریٹری ضلع وسطی نے مزید کہا کہ پارٹی کارکنان کی فلاح و بہبود اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی عہدیدار توقیر احمد نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شمولیت پارٹی کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ہے اور بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو آگے لایا جا رہا ہے تاکہ ملک کی سیاست میں مثبت تبدیلی آئے۔
رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ آج مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ نئے چہروں نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے، جو عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔

