کراچی: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنماؤں نے عالمی حالات میں پاکستان کے امن کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں بروقت اور مؤثر سفارتی اقدامات کے ذریعے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچایا ہے۔
صدر اردوان نے امریکا-ایران جنگ بندی کا خیرمقدم کیا
چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاک فوج اور حکومت کی مشترکہ حکمت عملی نے جنگ کے خطرات کو ٹال دیا اور پاکستان نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ مذاکرات، برداشت اور باہمی احترام ہی مسائل کا دیرپا حل ہیں۔
مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے کہا کہ پاکستان نے عملی طور پر ثابت کر دیا کہ نیک نیتی اور مضبوط قیادت کے ذریعے بڑے تنازعات بھی مذاکرات کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ امن، استحکام اور باہمی تعاون پر مبنی رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج عالمی برادری پاکستان کو سنجیدہ اور ذمہ دار ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور سیاسی قیادت کی یکجہتی قابل تقلید ہے اور یہی اتحاد ملک کو داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت دیتا ہے۔ پاکستان سنی تحریک نے حکومت اور افواج پاکستان کے ہر اس اقدام کی حمایت کا اعلان کیا جو ملک و قوم کے مفاد اور خطے کے امن کے لیے ہو۔
رہنماؤں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کریں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اس کے ساتھ تعاون کریں۔ پاکستان کا کردار نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔
