کراچی (اسٹاف رپورٹر) – کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KW&SC) نے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مستحکم، محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے زیرو پوائنٹ حب کینال کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ہیڈ ریگولیٹر کے اپ اسٹریم کو ڈاؤن اسٹریم سے منسلک کرنے کے لیے جدید انٹیک چیمبر (تالاب) کی تعمیر شروع کر دی ہے۔
کراچی: متوقع بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے سندھ متحرک
واٹر کارپوریشن کے حکام کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے زیرو پوائنٹ پر موجود دونوں کینالز کو حب ڈیم سے مؤثر انداز میں منسلک کیا جا سکے گا، جس کے نتیجے میں پانی کے بہاؤ میں بہتری، ترسیلی نظام کی کارکردگی میں اضافہ اور ہائیڈرولک صلاحیت میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ خصوصاً ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی میں واضح بہتری آنے کی توقع ہے۔
منصوبے کی تکمیل کے لیے حب کینال کو 3 اپریل سے 8 اپریل 2026 تک بند کیا جائے گا، جس دوران ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ اس دوران کرش پلانٹ ون اور ٹو کے ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے۔ حب پمپنگ اسٹیشن کی بندش کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، تاہم دیگر تنصیبات سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
واٹر کارپوریشن کے حکام کے مطابق کراچی کو مجموعی طور پر یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، اور اس عارضی صورتحال کے دوران بھی تقریباً 550 ملین گیلن پانی کی فراہمی برقرار رکھی جائے گی۔ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر احمد علی صدیقی نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو تمام وسائل بروئے کار لانے اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ نوعیت کے ترقیاتی منصوبے شہر کے پانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس دوران پانی کا باکفایت استعمال کریں تاکہ عارضی کمی کے اثرات کم سے کم ہوں۔ واٹر کارپوریشن نے شہریوں کو بہتر اور بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
