کراچی (اسٹاف رپورٹر) – وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے ہیومن رائٹس راجویر سنگھ سودھا نے محکمہ اوقاف کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ اور عشر سید ریاض حسین شاہ شیرازی سے ملاقات کی۔
سندھ سرکاری ملازمین بینیولینٹ فنڈ اجلاس میں ریلیف اقدامات پر غور
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، انسانی حقوق کے فروغ، مذہبی ہم آہنگی، اور درگاہوں سے متعلق انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سندھ ہیومن رائٹس کمیشن جسٹس ریٹائرڈ لقمان میمن، جسٹس ریٹائرڈ اقبال میتلو اور جسٹس ریٹائرڈ آنند رام بھی موجود تھے۔
اس ملاقات میں سندھ میں انسانی حقوق کے فروغ، مذہبی ہم آہنگی کو مضبوط کرنے اور درگاہوں کے نظم و نسق کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف مذہبی و سماجی اداروں کے تعاون سے عوامی سطح پر ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیا جائے۔
راجویر سنگھ سودھا نے کہا کہ صوبائی حکومت مذہبی رواداری، انسانی حقوق کے تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے بھی انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی حکومتی کوششوں کو سراہا۔
