کراچی (اسٹاف رپورٹر) – وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی اور وزیر تجارت و صنعتکار سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی سب کمیٹی برائے سرکاری ملازمین بینیولینٹ فنڈ (Benevolent Fund) کا اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایس اینڈ ڈی جی، ایڈیشنل سیکریٹری فنانس، ایڈیشنل سیکریٹری بینیولینٹ فنڈ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔
کراچی: ایسٹر پر کرسچن کمیونٹی کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اجلاس
اجلاس میں ملازمین کے بینیولینٹ فنڈ کے ذریعے سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود اور مالی معاونت کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ وہ سرکاری ملازمین جن کی ماہانہ تنخواہوں سے کٹوتی کر کے رقم بینیولینٹ فنڈ میں جمع کی جاتی ہے، انہیں مزید زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ ان کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت بینیولینٹ فنڈ سے وفات پانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو معاوضہ فراہم کیا جاتا ہے، تاہم گریڈ 1 سے 21 تک کے ملازمین اور افسران کو ماہانہ بہت محدود رقم دی جاتی ہے۔ اس حوالے سے کمیٹی نے سفارشات مرتب کر کے کابینہ میں پیش کرنے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے اجلاس میں کہا کہ سندھ کابینہ نے اس کمیٹی کا قیام اس لیے کیا ہے تاکہ سرکاری ملازمین کے بینیولینٹ فنڈ سے انہیں مزید سہولیات اور مالی امداد فراہم کی جا سکے اور فنڈ کے انتظامات کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جائے۔ کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرنے کے بعد کابینہ میں پیش کرے گی تاکہ ملازمین کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
