گورنر سندھ سے ہیوسٹن وفد کی ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے ہیوسٹن-کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، فلاحی سرگرمیوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مدرسہ کے باہر ابلا ہوا گٹر، طلبہ کیلئے تعلیمی ماحول متاثر

وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ نے کی، جبکہ دیگر شرکاء میں ماجد عزیز، سابق کرکٹر جلال الدین، یاسر قاضی اور دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔ ملاقات کے دوران تعلیم، صحت، انسانی خدمات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور باہمی تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے وفد کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے شہروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، خصوصاً تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ کاوشیں دونوں ممالک کے لیے سودمند ثابت ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ سے معاشرے میں پائی جانے والی بری عادات کا خاتمہ ممکن ہے، جبکہ تجارتی سرگرمیوں کے حجم میں اضافہ کراچی اور ہیوسٹن دونوں شہروں کے مفاد میں ہے۔

اس موقع پر صدر محمد سعید شیخ نے گورنر سندھ کو میئر ہیوسٹن کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور شہر ہیوسٹن کی یادگاری مہر بھی پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریلیف سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے، جہاں متاثرین کو خوراک، طبی آلات، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔

وفد کے رکن اور سابق کرکٹر جلال الدین نے بتایا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے بچوں کو کرکٹ کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، جس میں فٹنس اور جدید تکنیک پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی طلبہ کے لیے یونیورسٹی آف ہیوسٹن میں اسکالرشپس بھی فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔

ملاقات کے اختتام پر صدر کراچی-ہیوسٹن سسٹر سٹی ایسوسی ایشن نے گورنر سندھ کو ہیوسٹن کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے گورنر سندھ نے سراہتے ہوئے مستقبل میں اس حوالے سے پیش رفت کی امید ظاہر کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!