اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے آج مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور پاکستان کی ثالثی کے کردار پر غور کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزرا، اعلیٰ عسکری قیادت اور صوبائی وزرائے اعلی کی شرکت متوقع ہے۔
صدر زرداری نے چینی سفارتخانے کا غیر اعلانیہ دورہ کیا
اجلاس میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور خطے میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ساتھ ہی خلیجی ممالک پر ہونے والے حالیہ حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے اثرات پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس میں چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس پر اعتماد میں لائیں گے۔ اس کے علاوہ ملک میں موجود پیٹرولیم ذخائر، ترسیل کے نظام اور کفایت شعاری پالیسی پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں عوامی سہولت کے لیے موٹر سائیکل اور رکشا ڈرائیورز کو سبسڈی دینے کے معاملات پر بھی فیصلے متوقع ہیں۔
یہ اجلاس پاکستان کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ خطے میں امن قائم رکھنے اور ثالثی کے ذریعے بحرانوں کو کم کرنے میں فعال کردار ادا کرے گا۔ پاکستانی قیادت خطے کی موجودہ کشیدگی میں اپنے سفارتی اقدامات اور ملکی انتظامی تیاریوں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ ممکنہ خطرات کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
