جامشورو: کوٹری کے سکندرآباد کالونی کے رہائشی معشوق علی بنگ کی 16 سالہ بیٹی اقرا کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا، جس پر والد نے بیٹی کی بازیابی کے لیے کوٹری پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
طالبات سے لوٹ مار کے تین ملزمان گرفتار، وزیر داخلہ سندھ کا ایس ایس پی ایسٹ کو شاباش
والد معشوق علی بنگ نے الزام لگایا کہ ان کی بیٹی اقرا کو زبردستی گھر سے اغوا کیا گیا، اور اس میں شہزاد مسیح، پی پی پی اقلیتی ونگ کے رہنما جاوید شانا، ذوالفقار گجر، شبانہ مسیح اور دیگر نامعلوم مسلح افراد ملوث ہیں۔ والد نے پولیس پر بھی الزام عائد کیا کہ بااثر ملزمان کو پشت پناہی حاصل ہے اور کارروائی میں تاخیر کی جا رہی ہے۔
پولیس نے والد کی مدعیت میں اغواء کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور لڑکی کے اغوا کار ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ بیٹی کی محفوظ واپسی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
مقامی انتظامیہ اور پولیس کی کوششیں جاری ہیں تاکہ نوجوان لڑکی کو جلد از جلد بازیاب کرایا جا سکے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

