کراچی: کمشنر کراچی کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو روزمرہ زندگی میں سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک کے نظام کو رواں رکھنا ہے۔ اس سلسلے میں آرام باغ اور جوہر موڑ سمیت دیگر اہم علاقوں میں خصوصی آپریشن کیے گئے۔
ایران نے امریکی 15 نکاتی تجاویز کا باضابطہ جواب بھجوادیا
آرام باغ میں اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں اولڈ ٹاؤن کے اطراف غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران متعدد غیر قانونی دکانیں اور تعمیرات مسمار کی گئیں، جن کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ کے مطابق یہ اقدام شہریوں کی سہولت اور علاقے میں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری تھا۔
اسی طرح ٹاور کے علاقے میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ حاظم بھنگوار نے بتایا کہ ٹاور ایک اہم تجارتی مرکز ہے اور یہاں تجاوزات نے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں پیدا کر رکھی تھیں، جنہیں ہٹا کر حالات بہتر بنا دیے گئے ہیں۔
جوہر موڑ میں اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال کی نگرانی میں آپریشن کیا گیا، جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں واضح بہتری دیکھی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ گلستان جوہر اور گلشن اقبال کے دیگر علاقوں میں بھی از سر نو کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ مستقل بنیادوں پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
کراچی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں قانون کی عملداری اور شہریوں کی سہولت کے لیے ایسے آپریشنز کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا اور شہریوں کے لیے آسانی فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

