کراچی: پاک بحریہ نے پی ایل اے نیوی کے جنگی جہاز “داچنگ” کا کراچی آمد پر پرتپاک استقبال کیا، جو پاک-چین مشترکہ بحری مشق “سی گارڈین-4” میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچا ہے۔
ملیر میں منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن، متعدد افراد تحویل میں
ترجمان کے مطابق یہ مشترکہ مشق 25 مارچ سے 2 اپریل 2026 تک جاری رہے گی۔ چینی بحری جہاز کو بندرگاہ تک پاک بحریہ کے جہازوں کے ہمراہ لایا گیا، جہاں اس کا باقاعدہ استقبال کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سی گارڈین مشقوں کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینا اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ یہ مشق خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی بھی کرتی ہے۔
مشق کے دوران بندرگاہ اور سمندر میں مختلف پیشہ ورانہ سرگرمیاں انجام دی جائیں گی، جن میں ماہرین کے درمیان تبادلہ خیال، نوجوان افسران کے لیے عصری موضوعات پر سیمینارز، گنری مشقیں اور بحری سلامتی سے متعلق دیگر آپریشنز شامل ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق پاک-چین مشترکہ بحری مشقیں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خطے میں محفوظ اور مستحکم بحری ماحول کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

