کراچی میں ریلوے ٹریک تباہی کا منصوبہ ناکام، 5 دہشتگرد گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – محکمہ انسداد دہشتگردی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں ریلوے ٹریک پر ممکنہ دھماکے کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 5 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔

کراچی میں ڈکیتی، تنہا ملزم نے ہیئر ڈریسر کی دکان لوٹ لی

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کیپٹن ریٹائرڈ غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی آپریشنز سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ کارروائی سی ٹی ڈی، سویلین اور وفاقی حساس اداروں کے تعاون سے عمل میں لائی گئی۔

حکام کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈ سے ہے، جن میں کمانڈر جھنور، علی جان، نور محمد، جامک اور نیاز شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے بارودی مواد، آئی ای ڈیز، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا گیا کہ گرفتار دہشتگرد کراچی میں ریلوے ٹریک کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔ مزید یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان میں ریلوے ٹریکس پر ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیوں میں ایک پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران شکارپور اور جیکب آباد میں ریلوے ٹریکس پر کم شدت کے کم از کم 6 دھماکے کیے، جن سے ٹریک اور ٹرین کی بوگیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے سوشل میڈیا پر بھی قبول کی تھی۔

ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ انہوں نے لہڑی بلوچستان میں دہشتگردی کی تربیت حاصل کی، جہاں انہیں اسلحہ چلانے اور آئی ای ڈی نصب کرنے کی خصوصی ٹریننگ دی گئی۔ بارودی مواد بھی وہیں سے فراہم کیا جاتا تھا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کے لیے اسے خاندان کے ہمراہ منتقل کیا جاتا تھا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کے سہولت کاروں، ساتھیوں اور سرپرستوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو وفاقی حساس اداروں کے ساتھ مل کر مزید کارروائیاں کر رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور مزید اہم انکشافات کی توقع ہے، جبکہ ملک میں دہشتگردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

WhatsApp Image 2026 03 20 at 4.15.38 PM WhatsApp Image 2026 03 20 at 4.15.38 PM 1

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!