واٹر کارپوریشن کی غیر قانونی پانی کنکشنز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) – کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل (RPEC) نے شہر میں پانی کی چوری کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس آپریشن میں پاکستان رینجرز سندھ کی معاونت حاصل کی گئی، جس کے تحت سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ اور دیگر کمرشل علاقوں میں غیر قانونی پانی کنکشنز کی نشاندہی اور خاتمہ کیا گیا۔

عید الفطر کے احترام میں آپریشن “غضب للحق” عارضی طور پر معطل

کارپوریشن حکام کے مطابق، اس کارروائی کا مقصد کارپوریشن کی 16 انچ قطر کی پانی کی لائن سے ہوٹلز، ریسٹورنٹس، شوز رومز اور دیگر کمرشل مقامات کی جانب سے حاصل کیے گئے غیر قانونی کنکشنز کو ختم کرنا ہے، جو نہ صرف پانی کی چوری کا سبب بن رہے تھے بلکہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی پانی کی فراہمی کو بھی متاثر کر رہے تھے۔

آپریشن کے دوران متعدد مقامات پر حویلی ریسٹورنٹ، لارجز بینکوئٹ، کباب جیز ریسٹورنٹ، خان جی ریسٹورنٹ، ایم نائن سروس اسٹیشن، جیو شنواری ریسٹورنٹ، خان صاحب ریسٹورنٹ اور خیبر شنواری ریسٹورنٹ کے غیر قانونی پانی کنکشنز کو فوری طور پر منقطع کیا گیا۔ حکام کے مطابق، تمام غیر قانونی کنکشنز کو لکڑی کے پلگز کے ذریعے مکمل طور پر سیل کیا گیا تاکہ مستقبل میں پانی کی چوری کی کسی بھی کوشش کو روکنے میں مدد ملے۔

کارروائی کے دوران پانی چوری میں استعمال ہونے والا مختلف سامان بھی ضبط کیا گیا، جس میں ڈونکی پمپس، مونو بلاک پمپس، پی وی سی پائپس اور والوز شامل ہیں۔ یہ سامان قانونی تقاضے پورے کرنے اور ریکارڈ کے لیے ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل کے سینٹرل ورکشاپ اسٹور منتقل کر دیا گیا ہے۔

انچارج ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل، نثار احمد مگسی نے بتایا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی خصوصی ہدایات پر، جبکہ چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز کی نگرانی میں پانی چوروں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں شہر بھر میں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور پاکستان رینجرز سندھ کے تعاون سے آپریشنز کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملٹی پل عمارتوں، سوسائٹیز، صنعتی یونٹس اور دیگر کمرشل سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جو سب سوائل واٹر کے نام پر میٹھے پانی کی چوری میں ملوث ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سب سوائل واٹر کی آڑ میں میٹھے پانی کی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو ان کا حق، یعنی صاف اور وافر مقدار میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید برآں، پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اگر کسی بھی سطح پر ادارے کا کوئی ملازم اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ نثار احمد مگسی نے کہا کہ عید الفطر کے بعد بھی مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ پانی کی غیر قانونی تقسیم کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

One thought on “واٹر کارپوریشن کی غیر قانونی پانی کنکشنز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!