کراچی میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اور ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی پی بی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھیم پورہ، لارنس روڈ کی ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی کا غیر قانونی قبضہ ختم کر دیا۔
کراچی: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ کرپشن، ایف آئی اے کا بڑا سرچ آپریشن
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ واگزار کرائی گئی پراپرٹی کے کمرشل حصے میں تقریباً 160 دکانیں اور 7 گودام شامل ہیں۔ یہ پراپرٹی کراچی کے اہم تجارتی علاقے میں واقع ہے اور 15 جولائی 1963 کے گزٹ نوٹیفکیشن کے تحت ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی قرار دی گئی تھی، تاہم طویل عرصے تک ای ٹی پی بی کے مؤثر کنٹرول میں نہیں تھی۔
واگزار کرائی گئی زمین کا رقبہ تقریباً ایک ایکڑ ہے، جس کی ایف بی آر کے 2024 کے ویلیوایشن ریٹس کے مطابق مالیت تقریباً 27 کروڑ 22 لاکھ روپے بنتی ہے، جب کہ موجودہ مارکیٹ ویلیو دو ارب روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ یہ کارروائی سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹیز کی بازیابی کی جاری مہم کا حصہ ہے اور ایف آئی اے اور ای ٹی پی بی عوامی اثاثوں کے تحفظ اور غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
