منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک تقویٰ، جدوجہد اور حق کی خاطر ڈٹ جانے کا مہینہ ہے، جبکہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو اتحاد کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ایران کے خلاف بڑا امریکی آپریشن شروع، جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے: صدر ڈونلڈ ٹرمپ
انہوں نے یہ بات اسٹوڈنٹ گراؤنڈ بی ون ایریا لیاقت آباد میں جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت منعقدہ “جینے دو کراچی” جلسہ عام و دعوتِ افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
رمضان کی برکتیں اور معرکۂ بدر کا پیغام
منعم ظفر خان نے کہا کہ آج رمضان المبارک کا دسواں روزہ ہے اور ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس بابرکت مہینے کی سعادتیں نصیب ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا دوزخ سے نجات کا ہے، اور یہی مہینہ حصولِ تقویٰ، جدوجہد اور جہاد کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ہجرت کے دوسرے سال رمضان میں معرکۂ بدر پیش آیا جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ اسلام محض ایک مذہب نہیں بلکہ ایک مکمل ریاستی نظام بھی ہے۔
ایران پر حملوں کی مذمت
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا نے ایران پر حملہ کر کے دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے ایرانی شہر میں اسکول پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 40 سے زائد طالبات شہید ہوئیں، جو انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمِ کفر متحد ہو کر اسلام کے خلاف صف آرا ہے اور مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے، لہٰذا اہلِ اسلام کو متحد ہو کر اپنے حق کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔
ملکی صورتحال پر تنقید
منعم ظفر خان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے اور “فارم 47 کی پیداوار” عوام پر مسلط ہے جو انہیں ان کے حقوق دینے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام جینے کا حق مانگ رہے ہیں لیکن 18 سال سے صوبے پر حکمرانی کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی نے شہریوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت نے نااہلی اور کرپشن میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی اقتدار کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔
حق دو کراچی تحریک اور بلدیاتی اختیار
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی “حق دو کراچی تحریک” جاری ہے اور شہر کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کی معیشت چلانے والا شہر ہے لیکن اس کا انفراسٹرکچر تباہ حال ہے اور ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں ہو رہے۔
منعم ظفر خان نے دعویٰ کیا کہ لیاقت آباد ٹاؤن نے گزشتہ ڈھائی سال میں نمایاں کام کیے، گلیوں میں روشنیوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور اسکول تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کراچی کا حل نہ وفاق کے پاس ہے اور نہ صوبے کے پاس، بلکہ بااختیار سٹی گورنمنٹ ہی شہر کے مسائل کا مستقل حل فراہم کر سکتی ہے۔
