بلوچستان (ژوب) – پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ژوب میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ 18 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
کراچی: کروڑ پتی بھکاری گرفتار، ہزاروں روپے برآمد
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی 24 فروری کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں آئی، جس میں 8 بھارتی پراکسی خوارج ہلاک ہوئے۔ دوسری کارروائی 25 فروری کو ضلع ژوب میں جامع کلیئرنس آپریشن کی صورت میں کی گئی، جس میں فورسز نے بھارتی پراکسی خوارج کے چھپے ہوئے عناصر کو نشانہ بنایا اور 10 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آپریشن کے دوران ہلاک خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد ان سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور عزمِ استحکام وژن کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری شدت سے جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
