ایران نے اپنے میزائل اور جوہری پروگرام سے متعلق امریکی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ’’بڑا جھوٹ‘‘ قرار دے دیا۔
گل پلازہ سانحہ: سابق ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے جوڈیشل کمیشن کو جواب دینے سے معذرت کرلی
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کے حوالے سے عائد کیے جانے والے امریکی الزامات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دعوے سیاسی مقاصد کے تحت گھڑے گئے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جنوری میں پیش آنے والے احتجاجی واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق امریکی مؤقف بھی غلط ہے اور اس میں کوئی صداقت موجود نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ایران کے میزائل یورپی ممالک اور خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، اور ایران ایسے میزائل تیار کر رہا ہے جو مستقبل قریب میں امریکا تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
ایران کی جانب سے یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی اور سفارتی بیانات میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
