کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور اے وی سی سی پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر کے علاقے پی آئی بی کالونی سے اغواء برائے تاوان میں ملوث دو ملزمان سجاد عثمان عرف بابو اور حداد احمد کو گرفتار کر لیا۔
افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے، پکتیکا اور ننگرہار میں متعدد اہداف تباہ
حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی ایک ویگو گاڑی اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ملزمان نے 17 فروری 2026 کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ عزیز آباد کے علاقے سے ایک تاجر کو اسلحہ کے زور پر اغواء کیا اور بعد ازاں اسے جعلی نمبر پلیٹ لگی ویگو میں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان نے انٹرنیشنل نمبر سے دھمکی آمیز کالز کر کے مغوی کے اہل خانہ سے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ عزیز آباد میں درج کیا گیا تھا۔ اطلاع ملنے پر رینجرز اور اے وی سی سی نے تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے مشترکہ کارروائی کے دوران گلشن اقبال کے علاقے سے مغوی تاجر کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
کارروائی کے دوران اغواء کاروں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم تعاقب کے بعد دو ملزمان کو پی آئی بی کالونی سے گرفتار کر لیا گیا۔ دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو ویگو گاڑی اور دیگر برآمد شدہ سامان سمیت قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
