Shah Latif Town میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں زخمی ہونے والے چاروں دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ اسپتال ذرائع نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔
کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ، 2 اہلکار زخمی
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید شامل ہیں، جبکہ ایک دہشتگرد کی شناخت تاحال کی جارہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن جنوری کے اوائل میں دو ہزار کلو بارود برآمد ہونے اور تین دہشتگردوں کی گرفتاری کے بعد حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مقابلے کے دوران دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جن میں ہیڈ کانسٹیبل محمد یوسف اور سپاہی راجہ جنید شامل ہیں۔ دونوں زخمی اہلکاروں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق فتنہ آل ہندوستان بشیر زیب نیٹ ورک سے ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

