


کراچی — شاہ لطیف ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں موجود مبینہ دہشتگردوں نے اہلکاروں پر شدید فائرنگ کر دی۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گھر کا گھیراؤ کیا گیا تو اندر موجود مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آ کر نشاندہی کے لیے ساتھ لائے گئے تین گرفتار دہشتگرد بھی زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمی ملزمان کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق آپریشن جاری ہے