پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ ٹرمینل ون میں ازسرنو تعمیر شدہ مین رن وے 07L/25R کا باقاعدہ افتتاح سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے کردیا۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
کراچی: سندھ اسمبلی کے نزدیک پولیس اور جماعت اسلامی کارکنان میں جھڑپیں، شیلنگ اور پتھراؤ
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار، ڈپٹی ڈی جی (ورکس اینڈ ڈیولپمنٹ) سمیر سعید، پراجیکٹ ڈائریکٹر حافظ زاہد اسحاق، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اور ائیرپورٹ مینیجر عدنان خان بھی موجود تھے۔
کوڈ 4F کا حامل یہ جدید رن وے مکمل طور پر A380 طیاروں کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اسے بین الاقوامی شہری ہوابازی کی تنظیم کے اینکس 14 کے معیار کے مطابق محض 18 ماہ میں مکمل کیا گیا۔ منصوبہ بغیر کسی تاخیر، اضافی لاگت، کلیم یا حادثے کے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور عالمی معیار کے مطابق انفراسٹرکچر کی فراہمی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی قیادت، انجینئرز اور ماہرین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت اور لاگت میں عالمی معیار کا منصوبہ مکمل کرنا قومی اعزاز ہے۔
تقریب کے دوران مہمانانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ کامیاب تکمیل کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
