لاہور — لاہور کی مقامی عدالت نے آن لائن جوا (آن لائن بیٹنگ) کی پروموشن کے مقدمے میں معروف یوٹیوبر سعدالرحمان عرف ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر شریک ملزمان پر باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کر دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے مقدمے کے گواہوں کو 23 فروری کو طلب کر لیا۔ اس موقع پر یوٹیوبر سعدالرحمان عرف ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ اور دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت میں تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے ڈکی بھائی اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں ان پر آن لائن جوا ویب سائٹس اور بیٹنگ پلیٹ فارمز کی تشہیر کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
عدالتی کارروائی کے بعد کیس کی مزید سماعت مقررہ تاریخ کو ہوگی، جس میں استغاثہ کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔
