کراچی (اسٹاف رپورٹر): کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے گلستانِ جوہر بلاک 19 میں رابعہ سٹی اپارٹمنٹ کے قریب نئی سیوریج لائن بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ لائن کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر کی جا رہی ہے اور فیلڈ ٹیمیں مسلسل کام میں مصروف ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔
عزیز آباد میں دربار صابری کا عرس مبارک، فاتحہ خوانی اور محفل سماع کا انعقاد
پرانی اور خستہ حال لائن کے متبادل کے طور پر جدید معیار کے پائپس نصب کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب افرادی قوت، مشینری اور وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔
اسی طرح، سر سید گرلز کالج بلاک ون، ناظم آباد ٹاؤن کے قریب 54 انچ قطر کی سیوریج لائن کے زمین میں دھنسنے کے واقعے کا بھی نوٹس لے لیا گیا ہے۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایات پر متاثرہ لائن کی فوری مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ نئے پائپس موقع پر پہنچا دیے گئے ہیں۔
مرمتی کام کا اگلا مرحلہ آج رات سے شروع ہوگا اور 48 گھنٹوں کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ ایگزیکٹو انجینئر سیوریج ناظم آباد متعلقہ عملے کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں اور کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔
واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مرمتی سرگرمیوں کے دوران عارضی تکلیف پر تعاون کریں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری ادارے کی اولین ترجیح ہے اور مرمت مکمل ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں سیوریج کے مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
