اسلام آباد (28 جنوری 2026): پاک بحریہ کے دو سینئر کموڈورز کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والے افسران میں ریئر ایڈمرل جاوید ضیاء اور ریئر ایڈمرل ارمغان احمد شامل ہیں۔
کورنگی میں پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
ریئر ایڈمرل جاوید ضیاء نے 1994 میں پاک بحریہ کی ویپن انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں، جبکہ انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ اپنے شاندار پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران وہ مختلف اہم اور حساس تقرریوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس وقت وہ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (مٹیریل) کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
ریئر ایڈمرل ارمغان احمد نے بھی 1994 میں پاک بحریہ کی میرین انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے NUST سے مینوفیکچرنگ سسٹم انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی۔ اپنے کیریئر کے دوران وہ مختلف اہم ذمہ داریوں پر فائز رہے ہیں۔ اس وقت ریئر ایڈمرل ارمغان احمد پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پاک بحریہ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دونوں افسران کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا ہے۔
