ڈھاکا / چٹاگانگ: بنگلادیش نے ایک اہم اسٹریٹجک فیصلہ کرتے ہوئے چٹاگانگ میں قائم کیے جانے والے انڈین اکنامک زون منصوبے کو منسوخ کرنے اور اس کی جگہ ڈیفنس اکنامک زون قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سانحہ گل پلازہ: ریسکیو آپریشن مکمل، عمارت سیل، انکوائری رپورٹ جلد جاری ہوگی
بنگلادیش اکنامک زونز اتھارٹی (BEZA) کے ایگزیکٹو چیئرمین چوہدری عاشق محمود بن ہارون نے ڈھاکا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ BEZA کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جس کا مقصد ملکی دفاعی صنعت کو مضبوط بنانا اور فوجی پیداوار میں خود انحصاری حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی اقتصادی زون کے قیام سے فوجی ساز و سامان، ہتھیاروں اور دفاعی ٹیکنالوجی کی تیاری میں بنگلادیش کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ عالمی سطح پر دفاعی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر بنگلادیش اپنی دفاعی ضروریات مقامی سطح پر پوری کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدی امکانات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
چوہدری عاشق محمود کے مطابق اس منصوبے پر آرمڈ فورسز ڈویژن، وزارتِ دفاع اور چیف ایڈوائزر کے دفتر کے درمیان پہلے ہی مشترکہ کام جاری تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 850 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جو گزشتہ سال جون تک بھارتی اقتصادی زون کے لیے مختص تھی، تاہم اب اسے ماسٹر پلان میں ڈیفنس اکنامک زون کے طور پر شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، تاہم اس مرحلے پر یہ طے نہیں کیا جا سکتا کہ کون سا فوجی ساز و سامان تیار کیا جائے گا، کیونکہ اس کا فیصلہ ملکی ضرورت اور عالمی طلب کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
