کراچی کے ایسٹ زون میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دکانوں اور گوداموں کے تالے توڑ کر چوریاں کرنے والے چار رکنی منظم گینگ کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ فیروز آباد پولیس نے جدید تکنیکی بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔
امریکا میں امیگریشن ایجنٹس کی فائرنگ کے خلاف شدید احتجاج، نیویارک سمیت مختلف ریاستوں میں مظاہرے
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان رینٹ پر حاصل کی گئی سوزوکی گاڑی کے ذریعے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے تھے۔ ملزمان دکانوں اور گوداموں کے تالے توڑ کر قیمتی سامان چوری کرتے اور بعد ازاں مسروقہ سامان حیدرآباد منتقل کر دیا کرتے تھے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں مسروقہ کپڑوں کے تھان، تالا توڑنے والا کٹر اور دیگر قیمتی سامان برآمد کر لیا ہے۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے 26 اکتوبر کو پی ای سی ایچ ایس بلاک 02 میں واقع ایک دکان کا تالا توڑ کر وہاں موجود تمام سامان چوری کیا تھا، جبکہ 20 دسمبر کو طارق روڈ پر واقع ایک گودام میں بھی تالا توڑ کر واردات کی گئی تھی۔
دونوں وارداتوں کے مقدمات متاثرہ مالکان کی مدعیت میں تھانہ فیروز آباد میں درج تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت تاج الدین ولد محمد وسیم، شہزاد ولد نور، عبد الستار ولد نمت علی اور رویہ ولد ولیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ اتوار کے روز زم زمہ میں واقع ایک کپڑے کی دکان میں بھی واردات کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ اس کے علاوہ ملزمان نے درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، جن کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

