پرنس روڈ پر واقع ایک نجی پلازہ میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کمپیوٹر، موبائل فون اور گارمنٹس سمیت مختلف نوعیت کی درجنوں دکانیں جل کر تباہ ہو گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ متاثرہ عمارت میں کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔
پرنسس زہرہ آغا خان تین روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ
ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 6 جبکہ پی ڈی ایم اے کی 4 گاڑیوں نے مشترکہ طور پر آپریشن میں حصہ لیا۔ شدید نوعیت کی آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بالز کا بھی استعمال کیا گیا، جس کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکا۔
حکام کے مطابق پلازہ میں مختلف کاروباری نوعیت کی دکانیں قائم تھیں، جن میں کمپیوٹر، موبائل فون اور گارمنٹس کی دکانیں شامل ہیں، جو آتشزدگی سے مکمل یا جزوی طور پر متاثر ہوئیں۔
چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ انہوں نے کہا کہ آگ نے پلازہ کے قریب واقع بجلی کے ٹرانسفارمر اور تاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس کے باعث فائر فائٹنگ آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد مزید تکنیکی جانچ کی جائے گی۔
