کراچی کے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں تھانہ پاکستان بازار کی حدود تھورانی گوٹھ کے علاقے میں پولیس اور مسلح ڈکیت گینگ کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
نیو کراچی میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ، پولیس کی بروقت کارروائی سے ملزم گرفتار
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق پولیس نے مشتبہ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی کو بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت کبیر ولد کریم (زخمی) اور سلمان ولد نسیم (بلاضرب) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول، چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان کے زیرِ استعمال موٹر سائیکل بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہے، جس کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کیا جا رہا ہے۔ واقعے میں ملوث ایک فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ ان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
