وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رواں سال بھی رمضان پیکج کے تحت امدادی رقوم مستحق افراد تک ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے پہنچانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے رمضان پیکج سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
غیر قانونی امیگریشن مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت، محسن نقوی
اجلاس میں وزیراعظم نے رمضان پیکج کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے تجاویز بھی طلب کیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں یوٹیلٹی اسٹورز میں بدعنوانی کے باعث کئی مستحق افراد اپنے حق سے محروم رہتے تھے، تاہم حکومت نے گزشتہ سال کم نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی کے لیے ایک شفاف اور مؤثر نظام متعارف کرایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ گزشتہ برس 40 لاکھ مستحق خاندانوں میں فی خاندان 5 ہزار روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 20 ارب روپے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کیے گئے، جس سے امداد کی بروقت اور شفاف فراہمی ممکن ہوئی۔
دوسری جانب وزیراعظم نے ایک علیحدہ اجلاس میں جواہرات اور قیمتی پتھروں کے شعبے میں اصلاحات کے لیے قومی پالیسی فریم ورک کی منظوری بھی دے دی۔ اس پالیسی کا مقصد اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، برآمدات میں اضافہ اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
