لاہور میں علمائے کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہر ظالم اور مافیا کے لیے پنجاب کی زمین تنگ کردی گئی ہے اور کسی بھی فتنے کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
میٹرک بورڈ کے تحت ہفتۂ طلبہ، نامزدگی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
مریم نواز نے کہا کہ آئمہ کرام کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز ہے، امام مسجد معاشرے اور نوجوان نسل کی تربیت میں اپنا کردار ادا کریں۔ صوبے میں 70 ہزار بینک اکاؤنٹ کھل چکے ہیں اور ہر اکاؤنٹ ہولڈر کو 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ فراہم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ سالانہ 20 ارب روپے پر محیط ہے اور فروری سے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اعزازیہ فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ افراد نے اس منصوبے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی، مگر ایسا ممکن نہیں ہوا۔
انہوں نے فتنہ کی سرکوبی میں علماء اور معاشرتی رہنماؤں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دین کا نام استعمال کرکے فتنہ کو فروغ دینا خیانت ہے۔ ماضی میں کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنہ پیدا کیا، پولیس اور رینجرز کے اہلکار شہید ہوئے، لوگوں کی املاک جلائی گئیں اور آمدورفت کے راستے بند کیے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ، ظلم و زیادتی چاہے کسی بھی رنگ میں ہو، اسے کٹہرے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے اور ریاست شہدا کے خون کا حساب لے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ لوگ مشکلات میں مذہب کی طرف دیکھتے ہیں، قرآن اور حدیث میں فساد کی مذمت کی گئی ہے، لہٰذا مذہبی منافرت کی حوصلہ شکنی اور اپنی صفوں کو درست رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں ڈالا کلچر کو ختم کیا گیا، خواتین کی بے حرمتی روکی گئی، اور ٹریفک قوانین کی سختی کے باوجود کسی بھی فتنہ کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے انہیں کوئی سیاسی فائدہ نہیں، بلکہ مقصد عوام کی حفاظت اور نظم و ضبط قائم رکھنا ہے۔
