رام مندرکی بنیادیں مسلمانوں کے خون سے رکھی گئیں، جنرل (ر) زبیر محمود حیات
تشکُّر نیور ویب ڈیسک
جنرل (ر) زبیرمحمود حیات نے کہا ہے کہ رام مندرکی بنیادیں مسلمانوں کے خون سے رکھی گئیں، دنیا بھرمیں انٹرنیٹ پرمسلمانوں سے نفرت پرمبنی 80 فیصد مواد بھارت سے آتا ہے۔
سابق چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ریٹائرڈ زبیر محمود حیات نے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا سے بھارت بننے کے پیچھے اکھنڈ بھارت کا خواب ہے، انڈیا سے بھارت بننے کی مثال کو ہٹلر کی تھرڈ ریخ سے تشبیہ دی جا سکتی ہے۔ بھارت بننے کے پیچھے ہندتوا کی بنیاد ہے۔
جنرل (ر) زبیر محمود حیات نے خطاب میں کہا کہ بی جے پی ہندوتوا کا سیاسی جبکہ آر ایس ایس اصل چہرہ ہے، بی جے پے اور آر ایس ایس کو شین فین اور آئی آر سے تشبیہ دی جا سکتی ہے، ہندوتوا کے تحت بھومی پتر انتہائی نسل پرستانہ ٹرم ہے، موہن بھگوت آر ایس ایس کا بڑا علمبردار ہے۔
انھوں نے کہا کہ پنڈت جواہر لعل نہرو نے 1959 میں دائیں بازو کی ہندو انتہا پسندی کو بھارت کو خطرہ قرار دیا۔ سردار پٹیل نے بھی آر ایس ایس کی سرگرمیوں کو بھارتی ریاست کے لئے خطرہ قرار دیا۔ مودی اور بی جے پی دونوں ہٹلر اور نازی پارٹی سے انسپائر ہیں، بی جے پی اور آر ایس ایس کی ذہنیت مسلمانوں اورعیسائیوں کو باہر والا سمجھتی ہے، آزادی کے بعد چانکیہ کوٹلیا بھارت کا پوسٹر بوائے بن کر ابھرا، بھارتی دائیں بازو کے لئے چانکیہ کوٹلیا آئیڈیل ہے۔
سابق چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ دھوکہ، طاقت اور پیسہ ہی چانکیہ کوٹلیا کے بنیادی اصول ہیں، ہندوتوا کے بانی نے بھارت کو فادر لینڈ اور ہولی لینڈ قراردیا، ساورکرکے مطابق مسلمانوں اورعیسائیوں کو ہندوتوا میں شامل نہیں کیا جا سکتا، ساورکرکے مطابق مسلمانوں اورعیسائیوں کے مقامات مقدسہ بھارت میں نہیں، 1980 میں بی جے پی کے قیام سے پہلے آر ایس ایس کو طاقت کے حصول میں 58 برس لگے، مغرب اب بھی گاندھی، نہرو اور جمہوریت کے رومانس میں مبتلا ہے، آج دنیا بھارت کی صورت حال کو امریکہ میں نسل پرستی کے دورسے تشبیہ دے رہی ہے
جنرل ریٹائرڈ زبیرمحمود حیات نے کہا کہ جرنل آف ڈیموکریسی کے مطابق بھارت میں مسلمانوں کو تابع رکھنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جون 2023 میں گارڈئین نے بتایا کہ بھارت جمہوری تاثر برقرار رکھنے کے خفیہ منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ مذہبی بنیادوں پرتشدد کے حوالے سے بھارت کا دنیا میں 194 نمبرہے، گجرات میں قتل عام کے بعد نریندر مودی کے امریکہ میں داخلے پر9 برس پابندی رہی، بطور وزیراعظم، نریندرمودی نے کبھی پریس کانفرنس نہیں کی، بھارت میں 1990 سے اب تک 10 ملین بچیوں کو پیدا ہونے سے پہلے قتل کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ 50 لاکھ کے قریب بھارتی بچیاں پیدائش کے بعد جان سے جا چکی ہیں، رام مندر کو ہندوتوا کے مرکزی خیال کے طور پر پیش کیا گیا، رام مندر ہندو بالادستی کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا، رام مندر کی بنیادیں مسلمانوں کے خون سے رکھی گئیں، ہندوتوا کی برین واشنگ کا نتیجہ تھا کہ سچن ٹنڈولکر سے بالی ووڈ اسٹارز تک کوئی نہیں بولا، یوگی ادتیہ ناتھ جیسے انتہا پسند گھر واپسی اور گائے کی حفاظت جیسی تنظیمیں چلا رہے ہیں، مسلمانوں اورعیسائیوں کو بھی بھارتی افواج میں جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگنی ویرپروگرام کے تحت بھرتی ہونے والے لازمی طور پر انتہا پسندوں کے آلہ کار بنیں گے، پرویز مشرف بھارت میں جس بنچ پربیٹھے اسے پاک کروایا گیا، یہی ہندو ذہنیت ہے، مودی سے مسلمانوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے پارسیوں کا ذکر کیا، مودی نے بھارتی مسلمانوں کے بارے میں سوال کو ایسے نظر انداز کیا جیسے وہ وجود ہی نہیں رکھتے، دنیا بھر میں انٹرنیٹ پرمسلمانوں سے نفرت پر مبنی 80 فیصد مواد بھارت سے آتا ہے، مسلمانوں کا امیج خراب کرنے کے لئے بالی وڈ فلموں میں انہیں منفی انداز میں دکھایا جاتا ہے، باراک اوباما نے کہا تھا کہ مسلمانوں سے ایسا سلوک ہوتا رہا تو بھارت خانہ جنگی کا شکار ہوگا۔
جنرل (ر) زبیرمحمود حیات نے کہا کہ بھارت نے چند ہفتے قبل پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کے دورہ آزاد کشمیر پر شدید ردعمل ظاہر کیا، بنگلہ دیش میں آج انڈیا آئوٹ اور بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ ٹرینڈ ہے، بھارتی لیڈر بنگلہ دیشیوں کو کاکروچ کہہ کر تحقیر آمیزسلوک کرتے ہیں، مالدیپ کے نئے صدرنے تمام بھارتیوں کو 15مارچ تک نکل جانے کا حکم دیا، بھارت نے میانمارمیں نام نہاد سرجیکل اسٹرائیکس کیں، بھوٹان نے چین کے ساتھ معاملات طےکرنے کی کوشش کی، ہوسکتا ہے وہاں اب رجیم چینج ہو جائے۔
سابق چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ مکتی باہنی کس نے بنائی؟ کس نے مکتی باہنی کے کیمپ قائم کئے، کلبھوشن یادیو کے بعد ہم نے قطر، کینیڈا اورامریکہ میں بھی بھارت کی دہشت گردی دیکھی، آج آر ایس ایس دنیا کے 156 ممالک میں موجود ہے، آر ایس ایس آر دنیا میں سیاسی طاقت حاصل کر رہی ہے۔
انھوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اہم عالمی رہنماؤں کا بھارتی نژاد پس منظر دیکھ لیں، بھارت روس سے سستا خام تیل لے کر یورپ کو پٹرولیم مصنوعات بیچتا ہے، رام مندرمودی کے نزدیک اختتام نہیں آغاز ہے، مودی نے رام مندر کے افتتاح پرکہا کہ اب بھارت کی بنیاد رکھنے کی بات کی، ایسا ہی ہٹلر نے 1933 میں تھرڈ ریخ کے موقع پر کہا تھا۔
