ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران گٹکا ماوا تیار کرنے والی خفیہ فیکٹری پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائی ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کی ہدایات پر انٹیلیجنس بنیادوں پر عمل میں لائی گئی۔
ڈسٹرکٹ ویسٹ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ٹارگیٹڈ کومبنگ آپریشن جاری ایس ایس پی ویسٹ
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان اندرونِ مکان چھپ کر خفیہ طور پر گٹکا ماوا تیار کر کے مختلف علاقوں میں سپلائی اور فروخت کر رہے تھے۔ پولیس نے تھانہ گلشنِ معمار کی حدود میں سرچ آپریشن کے دوران ملزم رمضان ولد صالح کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی منی فیکٹری سے بڑی مقدار میں تیار شدہ گٹکا ماوا، 38 بورے چھالیہ، 50 پیکٹس تمباکو، چونا، ترازو اور دیگر خام و تیار شدہ مواد برآمد کیا گیا ہے، جو غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش اور معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں منشیات اور مضر صحت اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ عوام کو ان ناسوروں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
