سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید سافٹ ویئر متعارف، تمام اسکیموں کی GPS کے ذریعے تصدیق ہوگی: جام خان شورو

کراچی: وزیر منصوبہ بندی و ترقی سندھ جام خان شورو کی زیر صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی سید نجم احمد شاہ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

سندھ بھر میں فصلی باقیات جلانے پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی: ڈی جی سیپا

اجلاس کے دوران ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی کے لیے پہلی مرتبہ ایک جدید کمپیوٹر سافٹ ویئر کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ اس سافٹ ویئر کے نفاذ سے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ میں نمایاں بہتری آئے گی اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اب تمام ترقیاتی منصوبوں کی لوکیشن کی تصدیق جی پی ایس سسٹم کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ پرانے طریقہ کار میں موجود ڈیٹا کی بھی براہِ راست جانچ پڑتال ممکن ہو سکے گی۔

جام خان شورو نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام نئے ترقیاتی منصوبوں کو عالمی ترقیاتی اہداف (SDGs) کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ اجلاس میں افسران نے بریفنگ دی کہ ان اہداف کے حصول کے لیے 16 ارب روپے درکار ہوں گے جبکہ اس مقصد کے لیے 26 افسران کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کی جانچ پڑتال تھرڈ پارٹی کے ذریعے کرائی جائے تاکہ کام کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں آئی ٹی ٹیم اور افسران کی کمی، ضلعی سطح پر دستیاب ڈیٹا کے مؤثر استعمال اور گائیڈ لائنز کے تحت جاری و نئی ترقیاتی اسکیموں کے اندراج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جام خان شورو نے بتایا کہ سندھ میں ڈسٹرکٹ اے ڈی پی کے تحت اس وقت 7 ہزار 500 ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں، جن کی مؤثر نگرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

58 / 100 SEO Score

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!