کراچی میں خودکش حملے کی بڑی سازش ناکام کم عمر بلوچ بچی کو بروقت کارروائی سے بچا لیا گیا وزیر داخلہ سندھ

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ محمد آزاد خان اور ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں خودکش حملے کی ایک بڑی دہشت گرد سازش کو ناکام بنا دیا، جس میں کم عمر بلوچ بچی کو استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
Monday, 29th December 2025

ضیا الحسن لنجار نے بتایا کہ متاثرہ بچی کا تعلق بلوچستان سے ہے، جو ایک عام اسکول میں زیر تعلیم ہے۔ بچی کے والد کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ اس کا خاندان حکومت پاکستان سے پنشن حاصل کر رہا ہے۔ بچی کا ایک بھائی پولیس اور ایک سول ادارے میں ملازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر نے سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے بچی کی ذہن سازی کی۔

پریس کانفرنس کے دوران مستقبل میں خودکش حملے کے لیے استعمال کی جانے والی بچی اور اس کی والدہ کی گفتگو شناخت مخفی رکھتے ہوئے میڈیا کو دکھائی گئی۔ وزیر داخلہ سندھ کے مطابق بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث نہ صرف بچی کی جان بچائی گئی بلکہ کراچی ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نیا نشانہ ہمارے بچے ہیں اور سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ محمد آزاد خان نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں بی ایل اے اور بی ایل ایف سے منسلک نیٹ ورک کی سنگین سازش کو 25 دسمبر کی شب ایک حساس انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ناکام بنایا گیا اور کم عمر بچی کو بحفاظت تحویل میں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے ثابت ہوا کہ پاکستان مخالف اور غیر ملکی پشت پناہی یافتہ مواد کے ذریعے بچی کی بتدریج ذہن سازی کی گئی۔ ایک ہینڈلر نے ہمدردی اور مدد کے بہانے رابطہ قائم کیا اور بعد ازاں خودکش حملے پر اکسانا شروع کیا۔ پولیس ناکوں پر چیکنگ کے باعث ہینڈلر بچی کو مطلوبہ مقام تک نہ پہنچا سکا اور سازش بے نقاب ہو گئی۔

آزاد خان کے مطابق ڈی بریفنگ کے دوران بچی نے نیٹ ورک اور طریقہ واردات کی مکمل تفصیلات فراہم کیں۔ کم عمری کے باعث خاندان کو فوری طلب کیا گیا، بچی کو مکمل تحفظ اور عزت کے ساتھ والدہ اور اہلخانہ کے حوالے کر دیا گیا۔

متاثرہ بچی نے شناخت خفیہ رکھتے ہوئے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد بار بار دکھایا گیا، جس سے ذہن متاثر ہوا اور غلط بیانی کو سچ بنا کر پیش کیا گیا۔ بچی کی والدہ نے کہا کہ ریاست نے ماں کی طرح ان کی بچی کی جان اور عزت دونوں کو محفوظ رکھا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ نے واضح کیا کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا کہ نفرت انگیز اور دہشت گرد مواد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایسے اکاؤنٹس فوری بند کیے جائیں۔

62 / 100 SEO Score

One thought on “کراچی میں خودکش حملے کی بڑی سازش ناکام کم عمر بلوچ بچی کو بروقت کارروائی سے بچا لیا گیا وزیر داخلہ سندھ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!