اسلام آباد: کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے نیول ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز 135 ارب روپے میں خرید لیے
پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کو گارڈ آف آنر پیش کیا، اور مہمان نے پاک بحریہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں، انہیں نیول ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے متعارف کرایا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں افواج کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے بحری افواج کے مابین پیشہ ورانہ روابط اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
