لاہور: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی دوسری شادی سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں درست ثابت ہو گئیں۔ نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور سابق رکنِ قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے تصدیق کی ہے کہ ان کی پوتی شانزے کی شادی جنید صفدر سے طے پا گئی ہے۔
چیف آف ڈیفنس فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انڈر 19 ایشیا کپ فاتح ٹیم کی ملاقات، قومی فخر کی تعریف
شیخ روحیل اصغر نے صحافی شازیہ ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شادی کی تقریبات 16، 17 اور 18 جنوری کو منعقد ہوں گی۔ ان کے مطابق شانزے اور جنید صفدر کی بہن ماہ نور صفدر قریبی دوست ہیں اور اسی خاندانی تعلق کے باعث یہ رشتہ طے پایا۔
انہوں نے بتایا کہ شانزے کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے بھی ملاقات رہتی تھی، جس کے بعد یہ رشتہ آگے بڑھا۔ روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس رشتے کو اللہ کی نعمت سمجھتے ہوئے قبول کیا کیونکہ ان کی پوتی ایک معزز اور بڑے خاندان میں جا رہی ہے۔
شیخ روحیل اصغر کے مطابق شریف خاندان کی جانب سے مہندی اور ولیمہ جاتی امرا میں منعقد ہوگا، جبکہ دلہن کے خاندان کی طرف سے استقبالیہ لاہور کے لیک سٹی گالف اینڈ کنٹری کلب میں دیا جائے گا۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شانزے گزشتہ تین ماہ میں شادی کرنے والی ان کی تیسری پوتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ تقریبات شاندار اور روایتی انداز میں ہوں گی۔
واضح رہے کہ جنید صفدر کی یہ دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2021 میں سابق چیئرمین نیب سیف الرحمن کی صاحبزادی عائشہ سیف خان سے شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ 2023 میں ختم ہو گیا تھا اور اکتوبر 2023 میں طلاق کا اعلان کیا گیا تھا۔
