ترکیہ میں پاک بحریہ کے دوسرے ملجم کلاس جہاز پی این ایس خیبر کی شاندار کمیشننگ

پاک بحریہ کے دوسرے ملجم کلاس جہاز پی این ایس خیبر کی کمیشننگ تقریب ترکیہ کے استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان تھے جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے دفاعی پیداوار کے شعبے میں مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کو خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں ایم ایس اسفات، استنبول نیول شپ یارڈ اور پی این ملجم منصوبے میں شامل تمام اداروں اور کمپنیوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ اور ترک بحریہ کے درمیان مضبوط دوطرفہ روابط نہ صرف دفاعی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے مابین گہری اور پائیدار شراکت داری کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر ترک صدر رجب طیب ایردوان نے پی این ایس خیبر کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے جہاز کے افسران اور عملے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علاقائی بحری سلامتی کی صورتحال اور پاک بحریہ و ترک بحری افواج کے مابین مستقبل میں مشترکہ اقدامات کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ پی این ملجم کلاس جہاز جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز، جدید ہتھیاروں اور جدید ترین سینسرز سے لیس ہیں۔ پاکستان کے لیے چار ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ 2018 میں وزارتِ دفاعی پیداوار پاکستان اور ایم ایس اسفات ترکیہ کے درمیان طے پایا تھا، جس کے تحت دو جہاز ترکیہ جبکہ دو پاکستان میں تیار کیے جانے تھے۔ پی این ایس خیبر کی کمیشننگ کے ساتھ ہی ترکیہ میں دونوں جہازوں کی تعمیر کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے۔

WhatsApp Image 2025 12 21 at 2.43.07 PM 1 WhatsApp Image 2025 12 21 at 2.43.07 PM 2 WhatsApp Image 2025 12 21 at 2.43.08 PM

2 thoughts on “ترکیہ میں پاک بحریہ کے دوسرے ملجم کلاس جہاز پی این ایس خیبر کی شاندار کمیشننگ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!