ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
ترکیہ میں پاک بحریہ کے دوسرے ملجم کلاس جہاز پی این ایس خیبر کی شاندار کمیشننگ
فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بلے بازوں نے بھارتی فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دھار 172 رنز بنائے۔ سمیر منہاس نہ صرف اس میچ بلکہ پورے ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔ ان کے علاوہ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
348 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے دیوندرن نے 36 اور سوریا ونشی نے 26 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صائم، عبدالسبحان اور حزیفہ احسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ کے اختتام پر سمیر منہاس کو میچ کا بہترین کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستانی کپتان کو ٹرافی پیش کی۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم دوسری مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے، اس سے قبل 2012 کے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے تھے۔
