کراچی: ٹیم مہاجر پاکستان کی جانب سے 24 دسمبر 2025 کو مہاجر کلچرل ڈے منانے کے لیے اسپیکر سندھ اسمبلی کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
قائمہ کمیٹی برائے مواصلات: وفاقی وزیر اور سینیٹر کے درمیان تلخ کلامی، چیئرمین مداخلت پر وزیر معذرت
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی ملک ہے جہاں مختلف ثقافتی دن صوبائی اور قومی سطح پر منائے جاتے ہیں، جن کا مقصد باہمی ہم آہنگی، اتحاد اور احترام کو فروغ دینا ہے۔ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مہاجر برادری نے قیامِ پاکستان کے بعد ملک کی تعمیر، ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کیا، خصوصاً تعلیم، انتظامیہ، تجارت اور صنعت کے شعبوں میں مہاجر کمیونٹی کی خدمات نمایاں رہی ہیں۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دیگر ثقافتی دنوں کی طرح مہاجر کلچرل ڈے کی بھی باضابطہ منظوری دی جائے اور اس کا انعقاد سندھ اسمبلی میں کیا جائے، تاکہ مہاجر برادری کی ثقافتی شناخت کو تسلیم کیا جا سکے۔ درخواست کے مطابق اس اقدام سے صوبے میں بین الثقافتی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور شمولیت کو مزید تقویت ملے گی۔
ٹیم مہاجر پاکستان کا کہنا ہے کہ مہاجر کلچرل ڈے منانے سے مہاجر برادری کی روایات، اقدار اور قربانیوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا، جو مجموعی طور پر معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کا سبب بنے گا۔
درخواست کے اختتام پر اسپیکر سندھ اسمبلی سے اپیل کی گئی ہے کہ اس معاملے پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے مہاجر کلچرل ڈے کے انعقاد کے لیے ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔ درخواست پر ٹیم مہاجر پاکستان کے سربراہ بیرسٹر حسن خان کے دستخط موجود ہیں۔

