ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے دوران 7 خوارج ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں وطن کا ایک بہادر سپوت شہید ہو گیا۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کا سندھ سیکریٹریٹ کے دفاتر کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے بہادر سپاہی نائیک یاسر خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید سپاہی کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ ان کی یہ عظیم قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ یہ عناصر متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔
