لاہور (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی پوری کوشش ہے کہ عوام اور افواجِ پاکستان کے درمیان دراڑ پیدا کی جائے۔
دہشت گردی بھارت کا وتیرا ہے، ہم دشمن کو للکار کر مارتے ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانا نہ ان کی جماعت کا مطالبہ ہے اور نہ ہی وہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حامی ہیں، تاہم خبردار کیا کہ اگر کسی سیاسی جماعت نے دہشت گردوں کی سہولت کاری کی یا آپریشن میں رکاوٹ بنی تو گورنر راج ناگزیر ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جنگی حالات پیدا ہوتے جا رہے ہیں، اور اگر سیاسی قوتوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے افغانستان سے دراندازی کے حوالے سے خدشات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے آنے والے دہشت گرد پاکستان میں حملے کر رہے ہیں، جو ملک کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کی افواج اس چیلنج کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں جبکہ اندرونی محاذ پر بھی ریاست مضبوطی سے ڈٹی ہوئی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض سیاسی قوتیں اس نازک وقت میں اداروں پر حملے کر رہی ہیں، جو افسوسناک ہے۔ پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی سیاست کو آئینی اور قانونی حدود میں رکھیں۔
بھارت کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مئی کی جنگ میں پاکستان کی کامیابی بھارت کو آج تک ہضم نہیں ہوئی، اسی لیے وہ دوبارہ سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک آرمی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ مکمل طور پر تیار ہیں اور کوئی بھی دشمن میلی آنکھ سے دیکھے گا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مریم نواز اگر سندھ سے الیکشن لڑیں تو پیپلز پارٹی انہیں خوش آمدید کہے گی، کیونکہ سندھ میں تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی عمل میں حصہ لینا چاہیے۔
