وزیراعظم پاکستان نے ملائشیا میں حالیہ سمندری طوفان کے باعث ہونے والی شدید بارشوں، سیلاب اور بھاری تودے گرنے سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان اور املاک کے بڑے پیمانے پر ہونے والے خسارے پر گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے یہ جذبات ملائشین ہم منصب انور ابراہیم سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران ادا کیے۔
برطانوی یونیورسٹیوں نے پاکستانی و بنگلہ دیشی طلبہ کو ہائی رسک قرار دے کر داخلے محدود کر دیے
وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دلی افسوس اور ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں اور بے گھر ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی اور بحالی کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں ملائشین عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان ملائشیا میں جاری امدادی اور ریسکیو آپریشنز میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملائشین حکومت کو پاکستان جس قسم کی مدد بھی درکار ہوگی، وہ فوری طور پر فراہم کی جائے گی۔
ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی ہمدردی اور اظہارِ تشویش دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔
