کراچی رینج نے سندھ پولیس گیمز 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنرل ٹرافی اپنے نام کرلی۔ مقابلوں میں کراچی رینج کے کھلاڑیوں نے 28 گولڈ، 19 سلور اور 18 برونز میڈلز حاصل کیے اور ہاکی، فٹبال، والی بال، باکسنگ، شوٹنگ سمیت مختلف کھیلوں میں بہترین کارکردگی پیش کی۔
ویسٹ پولیس کا فوری ایکشن، 6 سالہ طالبعلم پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو کی زیر صدارت کھلاڑیوں کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ کھیل فورس کے مورال اور جسمانی صحت کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے پولیس کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو سراہا۔ اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے کراچی رینج کے کھلاڑیوں کے لیے ایک لاکھ روپے انعام جبکہ پروفیشنل باکسر شہیر آفریدی کے لیے بھی ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا۔
تقریب کے اختتام پر پولیس چیف نے کامیاب کھلاڑیوں میں اسناد اور تحائف تقسیم کیے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ چیئرمین اسپورٹس بورڈ ڈی آئی جی پیر محمد شاہ اور ایس پی سعید ارائیں کو بھی تعریفی سرٹیفکیٹس دیے گئے۔

