اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے عازمینِ حج کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے میڈیکل مشن کے لیے طبی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کیماڑی میں پولیس کارکردگی بہتر بنانے کا حکم—ایس ایس پی امجد احمد شیخ کے سخت احکامات جاری
وزارت کے مطابق طبی عملے کے امیدواروں کی کم از کم عمر 25 سال جبکہ زیادہ سے زیادہ عمر 55 سال مقرر کی گئی ہے۔ حج میڈیکل مشن کے لیے 98 ڈاکٹرز و فارماسسٹس اور 196 پیرا میڈیکل اسٹاف کی ضرورت ہوگی۔ دل، شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض امیدوار میڈیکل ٹیم کا حصہ بننے کے اہل نہیں ہوں گے۔
طبی عملے کے طور پر شامل ہونے کے خواہشمند امیدواروں کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال کا فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حج مشن کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ کل مقرر ہے، جبکہ امیدواروں کا ٹیسٹ این ٹی ایس کے ذریعے لیا جائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ میڈیکل مشن کے لیے کم از کم تین سال کا سرکاری تجربہ لازمی ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین میڈیکل حج مشن کے لیے اہل نہیں ہوں گے جبکہ صرف حاضر سروس عملہ ہی میڈیکل مشن میں شامل کیا جائے گا۔ منتخب افراد حج کے دوران سعودی عرب میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔
وفاقی پالیسی کے تحت میڈیکل مشن کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی جبکہ خواتین طبی عملے کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
