کراچی۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ نے ضلع کے پولیس افسران کا تعارفی اجلاس طلب کیا جس میں ایس پیز، ڈی ایس پیز، تھانیدار اور چوکی انچارج شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد افسران کو واضح اور سخت ہدایات جاری کی گئیں۔
ایس ایس پی نے حکم دیا کہ ضلع کیماڑی میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ منظم جرائم میں ملوث پائے جانے والے کسی بھی افسر کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں رابری، ڈکیتی، قتل اور اقدام قتل سمیت سنگین مقدمات کو تکنیکی بنیادوں پر جلد حل کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ مفرور اور اشتہاری ملزمان کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہریوں کے لیے "فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر” کے وژن کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایف آئی آر کے اندراج پر لین دین کی صورت میں متعلقہ تھانیدار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ایس ایس پی نے افغان باشندوں اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سرچ آپریشن تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔ اجلاس کے دوران ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او شیر شاہ کی دو سالہ سروس ضبط کرنے کا فیصلہ بھی سنایا گیا۔
