وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اپنا 58 واں یومِ تاسیس انتہائی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ مرکزی جلسہ اتوار 30 نومبر کو سہ پہر 1 بجے کورنگی ساڑھے تین نمبر پر منعقد ہوگا، جہاں سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔
یہ بات انہوں نے یومِ تاسیس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں جنرل سیکریٹری کراچی ڈویژن رؤف احمد ناگوری، راجہ رزاق، چاروں اضلاع کے صدور و جنرل سیکریٹریز، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز یوتھ، لیڈیز ونگ اور مینارٹی ونگ کے نمائندگان نے شرکت کی۔
سعید غنی نے تمام اضلاع کو ہدایت کی کہ وہ اپنے پی ایس سطح کے عہدیداران اور کارکنان کو پابند کریں کہ وہ وقت پر جلسہ گاہ پہنچیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ گاہ میں مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ انکلوزرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ میڈیا کے لیے مخصوص راستہ بھی مختص کردیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ کے اطراف پارکنگ کے خصوصی انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔
اس موقع پر رؤف احمد ناگوری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا 58 واں یومِ تاسیس بھرپور ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور تمام اضلاع، سٹی ایریا اور زیلی تنظیموں کے کارکنان اس حوالے سے نہایت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کا جلسہ کراچی کی تاریخ کا ایک بڑا اجتماع ہوگا۔
اجلاس میں اضلاع کے صدور نے یومِ تاسیس کے جلسے کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ 29 نومبر کو اضلاع میں ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
