سندھ کا سالانہ کرافٹ فیسٹیول کل سے پورٹ گرینڈ میں شروع ہوگا

کراچی: ترجمان محکمہ ثقافت و سیاحت و نوادرات کے مطابق سندھ کی ثقافت، تاریخ اور تہذیب کو اجاگر کرنے والا سالانہ کرافٹ فیسٹیول کل سے پورٹ گرینڈ کراچی میں شروع ہوگا، جو تین روز تک یعنی 30 نومبر تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے جرمن سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

ترجمان نے بتایا کہ فیسٹیول میں سندھی ثقافتی ورثے سے متعلق خصوصی اسٹالز لگائے جائیں گے جن میں اجرک، رلی، دستکاری، چمڑے سے بنی مصنوعات، ہالا جنڈی، ثقافتی ملبوسات، روایتی کھانے، حیدرآبادی چوڑیاں، کھجور کے پتوں سے بنی اشیاء، نیلے مٹی کے برتن، کڑھائی اور دیگر دستکاری کے براہِ راست نمائش کنندہ اسٹالز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ دیگر صوبوں کی ثقافت پر مشتمل خصوصی پویلین بھی قائم کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق فیسٹیول میں سندھ کے روایتی سازوں پر ماہرین لائیو پرفارمنس کریں گے جبکہ ثقافتی جھومر، فوک میوزک، لیوا ڈانس، ڈانڈیا ڈانس اور مٹکہ ڈانس بھی شرکاء کے لیے خصوصی طور پر شامل کیے گئے ہیں۔ مہمانوں کے استقبال کے لیے ثقافتی اوطاق بھی قائم کی گئی ہے۔

فیسٹیول کے تینوں روز میوزیکل کنسرٹس ہوں گے جن میں ملک کے نامور گلوکار پرفارم کریں گے، جن میں صنم ماروی، رجب فقیر، دیبا سحر، ممتاز مولائی، خماریاں بینڈ، ندرت مغل اور خوشبو لغاری سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔ معروف کامیڈین اصغر کھوسو اور علی گل ملاح بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کراچی کے شہریوں کو فیسٹیول میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے باسیوں کو اپنی ثقافت اور تاریخ کے بارے میں جاننے کے ساتھ ساتھ بہترین تفریح فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کرافٹ فیسٹیول صوبے کی شاندار روایات، تاریخ اور ثقافت کا عکاس ہے۔
فیسٹیول میں صوبائی وزراء، سیاسی و سماجی رہنما اور مختلف ممالک کے قونصل جنرلز بھی شرکت کریں گے۔

67 / 100 SEO Score

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!