ٹرائی نیشن سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے 129 رنز کا ہدف با آسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
میچ کا آغاز سری لنکا کی بیٹنگ سے ہوا، جہاں مہمان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر صرف 128 رنز بنا سکی۔ لنکن اننگز میں جنیتھ لیاناگے 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد نواز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ابرار احمد، فہیم اشرف اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے 47 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ صائم ایوب 20 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔
تاہم دوسرے اینڈ پر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور 45 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر پاکستان کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
قبل ازیں کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس کے موقع پر بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سیریز کے ابتدائی میچز میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز سے ہرایا تھا۔
